۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
علامہ شبیر حسن میثمی کی حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان کے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد

حوزہ / اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان کے امیدواروں کی کامیابی کو صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کی محنت کا نتیجہ قرار  دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان کے امیدواروں کی کامیابی کو صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کی محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان عوام کی فلاح و بہبود کی خاطر اپنی سیاسی اور عوامی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں دھونس دھاندلی اور کچھ امیدواروں سے فراڈ کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ امید ہے الیکشن کمیشن ان امیدواروں کی رپورٹ پر ایسے واقعات کرنے والوں کے خلاف قانون کاروائی عمل میں لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے باعث اسلامی تحریک پاکستان کے کارکنوں کی بڑی تعداد رضا کارانہ طور پر متاثرہ علاقوں میں عوام کی زندگیوں کو بچانے کی جاری خدمات میں مصروف ہے۔ جس کے باعث اسلامی تحریک کی ووٹرز کی ایک بڑی تعداد اپنے اپنے علاقوں میں ووٹ ڈالنے سے محروم رہی ورنہ اسلامی تحرک پاکستان مذید کامیابیاں بھی حاصل کر سکتی تھی تاہم ان کے بقول عوام کی زمدگیاں بچانے کا فریضہ زیادہ اہم اور ناگزیر تھا جو الحمداللہ اسلامی تحریک پاکستان بھر پور طور پر انجام دے رہی ہے۔

علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان عوام مسائل کے حل کے لیے جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔

انہوں نے اسلامی تحریک پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ اسد اقبال زیدی اور ان کے تمام رفقائے کار ،ضلعی و تحصیل عہدیداروں کو اسلامی تحریک پاکستان کے امیدواروں کو کامیاب کرانے اور جہاں کامیابی نہیں ہوئی وہاں دوسری پوزیشن لینے پر ان کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی آئندہ عام انتخابات میں سندھ سمیت پاکستان کے تمام صوبوں میں اسلامی تحریک پاکستان بڑھ چڑ کر حصہ لے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .